سوات کرکٹ پریمیئر لیگ سیزن 8 کا شاندار آغاز
اسلام آباد: (اسپورٹس ڈیسک) سوات کے مینگورہ گراسی گراؤنڈ میں پاک فوج اور فرنٹیئر کور کے زیرِ اہتمام سوات پریمیئر کرکٹ لیگ سیزن 8 کا افتتاح ہوگیا ہے۔ افتتاحی تقریب میں قومی کرکٹ ہیرو عبدالرزاق، آئی جی ایف سی، عمائدین، تاجر برادری، نوجوانوں اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔
مالاکنڈ ڈویژن کا سب سے بڑا کھیلوں کا ایونٹ قرار دی جانے والی یہ لیگ، مقامی ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ ٹورنامنٹ 11 دسمبر تک جاری رہے گا۔ لیگ میں قومی اور مقامی سطح کے نامور کھلاڑیوں کی شرکت سے شائقینِ کرکٹ کو دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔
ایونٹ کے انعقاد کا مقصد سوات سمیت مالاکنڈ ڈویژن میں کرکٹ کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ منتظمین کے مطابق یہ ٹورنامنٹ نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور کھیلوں کے مثبت ماحول کو فروغ دینے میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔