نئے صوبوں کے قیام اور ریفرنڈم پر پارلیمنٹ میں بحث ہونی چاہیے، اسپیکر پنجاب اسمبلی
لاہور: (نیوز ڈیسک) لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام اور ریفرنڈم کے معاملے پر پارلیمنٹ میں تمام سیاسی جماعتوں کو کھل کر بحث کرنی چاہیے۔ ان کے مطابق عوام کا ریاست کے ساتھ تعلق اسی وقت مضبوط ہو سکتا ہے جب انہیں وسائل کی منصفانہ تقسیم اور ان کا جائز حق فراہم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کا ریاست سے رشتہ کمزور ہو رہا ہے اور وسائل کی غیر مساوی تقسیم کے باعث محرومی اور احساسِ تفاوت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ نئے صوبوں کا قیام صرف انتظامی اخراجات کا معاملہ نہیں بلکہ اس کا تعلق عوام کی ریاست میں شمولیت اور وسائل کی منصفانہ تقسیم سے بھی ہے۔
ملک محمد احمد خان نے مزید کہا کہ عوامی رائے لینا اور صوبے کی حدود تبدیل کرنا دو الگ معاملات ہیں۔ آئین میں ایسی کوئی پابندی موجود نہیں کہ صوبوں کی حدود میں تبدیلی کے معاملے پر عوامی رائے نہیں لی جا سکتی، جبکہ پارلیمنٹ کو یہ طے کرنے کا اختیار حاصل ہے کہ ریفرنڈم کن سوالات اور کن علاقوں میں کرایا جانا چاہیے۔