فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ ملائیشیا

image


کوالالمپور: (ویب ڈیسک) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان عسکری روابط کو مستحکم کرنے کے لیے ملائیشیا کا سرکاری دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، سیکیورٹی تعاون اور خطے سمیت عالمی سلامتی کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہء خیال ہوا۔ ملائیشین وزیراعظم نے پاکستان کے ساتھ دیرینہ دوستانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ 

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنوب مشرقی ایشیاء میں امن کے لیے ملائیشیا کے کردار کی تعریف کی اور مسلح افواج کے درمیان ادارہ جاتی روابط بڑھانے کے پاکستانی عزم کو دہرایا۔ فریقین نے اعلیٰ سطح کے باقاعدہ دوروں اور علاقائی و عالمی سیکیورٹی معاملات پر مسلسل مشاورت کے ذریعے دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ قبل ازیں کوالالمپور میں ملائیشین وزارت دفاع آمد پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جہاں ملائیشیا کے چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل تان سری حاجی مالک رزاق سلیمان سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان بھی موجود تھے۔

 ملائیشیا کے وزیر دفاع محمد خالد بن نورالدین کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور زیر بحث آئے۔ دونوں رہنماؤں نے افواج کے درمیان براہِ راست رابطوں کے فروغ اور مشترکہ دفاعی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر زور دیا۔
اپنے اس اہم سرکاری دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ملائیشیا کے نیشنل ڈیفنس اسٹڈیز سینٹر بھی جائیں گے۔ اس موقع پر منعقد ہونے والی ایک خصوصی تقریب میں انہیں ادارے کے ممتاز ہال آف فیم میں 21ویں رکن کی حیثیت سے شامل کر کے اعزاز بخشا جائے گا۔ دورے کا بنیادی مقصد دونوں برادر ممالک کے مابین عسکری ہم آہنگی اور سیکیورٹی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانا ہے۔