روس کی اردو صحافت میں انٹری
ماسکو: (ویب ڈیسک) روسی خبر رساں ادارے اسپوٹنک نے اردو زبان میں اپنی نیوز سروس کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے، جس کے بعد اسے اردو میں خبریں فراہم کرنے والا پہلا روسی خبر رساں ادارہ ہونے کا اعزاز حاصل ہوگیا ہے۔ اس پیشرفت کو پاکستان اور روس کے درمیان ذرائع ابلاغ کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ نئی سروس کے ذریعے اردو قارئین کو روس اور عالمی امور سے متعلق خبریں فراہم کی جائیں گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے اسپوٹنک کی اردو سروس کے آغاز کا خیرمقدم کرتے ہوئے ادارے کی انتظامیہ اور ادارتی ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے پاکستان اور روس کے عوام کے درمیان روابط مزید مضبوط ہوں گے۔ ان کے مطابق اردو سروس دونوں ممالک کے درمیان اعتماد، باہمی سمجھ بوجھ اور دوستانہ تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔
اردو سروس کے آغاز کے موقع پر اسپوٹنک نے ماسکو میں اپنے اسٹوڈیو میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی کا پہلا اردو انٹرویو بھی ریکارڈ کیا۔ گفتگو کے دوران پاکستانی سفیر نے پاکستان اور روس کے باہمی تعلقات اور دونوں ممالک کے درمیان میڈیا تعاون کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اس انٹرویو کو دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔