ٹی وی چینلز پر فارمولا دودھ کے اشتہارات پر پابندی کی حمایت
کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کے اجلاس میں ٹی وی چینلز پر مصنوعی شیرخوار فارمولا دودھ کے اشتہارات کا معاملہ زیر بحث آیا۔ وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے ان اشتہارات پر پابندی کی مکمل حمایت کی، جبکہ اجلاس میں شریک سینیٹرز نے بھی پابندی کے حق میں رائے دی۔ تاہم پیمرا اور ڈریپ نے انتظامی وجوہات کی بنیاد پر پابندی کے نفاذ میں ہچکچاہٹ کا اظہار کیا۔
اجلاس میں ماہرین صحت نے مصنوعی فارمولا دودھ کی تشہیر سے بچوں کی صحت پر مرتب ہونے والے ممکنہ اثرات سے آگاہ کیا۔ پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن نے ماں کے دودھ کو بچوں کی صحت اور بہتر مستقبل کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے بریسٹ فیڈنگ کے فروغ پر زور دیا۔ ایسوسی ایشن کے مطابق ماں کا دودھ بچوں کی زندگیوں کے تحفظ اور صحت کے اخراجات میں کمی کے لیے اہم کردار ادا کرتا ہے۔
نیوٹریشن انٹرنیشنل کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں ماں کا دودھ پلانے کی کم شرح کے باعث سالانہ 33 ہزار 700 سے زائد اموات، بچوں میں اسہال کے 66 لاکھ کیسز اور اسکول کی تعلیم کے 27 لاکھ سال ضائع ہوتے ہیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان فارمولا دودھ کی درآمد پر سالانہ 6 کروڑ ڈالر سے زائد خرچ کر رہا ہے۔ ماہرین نے میڈیا پر زور دیا کہ ماں کے دودھ کی اہمیت اجاگر کرنے اور ماں و بچے کی صحت سے متعلق ذمہ دارانہ آگاہی کو فروغ دیا جائے۔