سردیوں میں بلڈ پریشر کی دوا سے متعلق اہم ہدایات
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) رپورٹ کے مطابق سرد موسم میں درجہ حرارت کم ہونے کے باعث ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کو خصوصی احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سردی میں جسم اپنی حرارت برقرار رکھنے کے لیے خون کی شریانوں کو سکیڑ دیتا ہے۔ اس عمل کے نتیجے میں خون کی روانی کے لیے دل کو زیادہ محنت کرنا پڑتی ہے۔ جس سے بلڈ پریشر میں اضافے کا خدشہ پیدا ہوسکتا ہے۔ بزرگ افراد اور دل کے امراض میں مبتلا مریضوں کو اس موسم میں اپنی صحت پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔
ماہرین کے مطابق سردیوں میں جسمانی سرگرمیوں میں کمی اور پانی کا کم استعمال بھی بلڈ پریشر کو متاثر کرسکتا ہے۔ ایسے مریض اپنی تجویز کردہ ادویات باقاعدگی سے استعمال کریں۔ ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر دوا کی خوراک کم یا زیادہ کرنا نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔ اگر بلڈ پریشر مسلسل زیادہ رہتا ہے تو اس کی ریڈنگ کا ریکارڈ مرتب کرکے معالج سے رجوع کرنا چاہیے۔ ڈاکٹر مریض کی طبی کیفیت کے مطابق دوا یا خوراک میں تبدیلی کا فیصلہ کرسکتا ہے۔
طبی ماہرین نے سردیوں میں روزانہ بلڈ پریشر چیک کرنے اور نمک کا استعمال محدود رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ مناسب مقدار میں پانی پینا اور ہلکی پھلکی جسمانی سرگرمیاں جاری رکھنا بھی ضروری ہے۔ نزلہ، زکام اور فلو کی بعض ادویات بلڈ پریشر بڑھا سکتی ہیں، اس لیے ان کے استعمال سے پہلے طبی مشورہ لینا چاہیے۔ سینے میں درد، سانس لینے میں دشواری یا شدید سر درد کی صورت میں فوری طبی امداد حاصل کریں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر اور ادویات کا باقاعدہ استعمال سرد موسم میں بلڈ پریشر کو کنٹرول رکھنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔