کیا نیند کی کمی کینسر کا سبب بن سکتی ہے؟ طبی ماہرین کی اہم وضاحت
نٸی دہلی: (ویب ڈیسک) رہورٹ کے مطابق جدید طرزِ زندگی، رات گئے تک موبائل اور کمپیوٹر کے استعمال اور کام کے غیر متوازن اوقات کے باعث نیند کی کمی ایک عام مسئلہ بنتی جا رہی ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ نیند کی کمی اور کینسر کے درمیان تعلق پر تحقیقات جاری ہیں، تاہم صرف کم نیند کو کینسر کی براہِ راست وجہ قرار دینے کے شواہد موجود نہیں۔
ماہرین کے مطابق انسانی جسم کی ایک قدرتی حیاتیاتی گھڑی ہوتی ہے جو نیند، ہارمونز اور جسمانی نظام کو منظم رکھتی ہے۔ نیند کے دوران جسم کے ٹشوز کی مرمت اور مدافعتی نظام کی بہتری کا عمل جاری رہتا ہے۔ رات کی شفٹ میں طویل عرصے تک کام کرنے سے یہ قدرتی نظام متاثر ہوسکتا ہے، جسے بعض اقسام کے کینسر کے ممکنہ خطرات سے جوڑا گیا ہے۔
ماہرین نے بہتر صحت کے لیے روزانہ کم از کم سات گھنٹے سونے، سونے اور جاگنے کے اوقات مقرر رکھنے، شام کے وقت کیفین سے گریز اور سونے سے پہلے موبائل اسکرین کا استعمال محدود کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ مسلسل بے خوابی، شدید خراٹوں یا سانس لینے میں دشواری کی صورت میں ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔