پاکستان میں پہلی بار 3 ویکسین مقامی سطح پر تیار کرنے کی تیاری
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان ویکسین کی مقامی تیاری کے لیے انڈونیشیا کی سرکاری دوا ساز کمپنی بائیو فارما کے ساتھ معاہدہ کرنے کے قریب ہے۔ ان کے مطابق اس تعاون کے تحت ابتدائی طور پر 3 ویکسین پاکستان میں تیار کی جائیں گی۔ انڈونیشیا کی ایک ٹیم حال ہی میں پاکستان کا دورہ کرکے ویکسین کی تیاری کے لیے ضروری معائنے مکمل کر چکی ہے۔ وزیر صحت کا کہنا ہے کہ ٹیکنالوجی کی منتقلی کے ذریعے مقامی پیداوار شروع کی جائے گی۔ پاکستان اس وقت انڈونیشیا سے 13 اقسام کی ویکسین درآمد کرتا ہے۔
مصطفیٰ کمال کے مطابق حکومت نے ملک کی پہلی ویکسین پالیسی بھی تیار کر لی ہے، جسے وفاقی کابینہ کی تقریباً منظوری حاصل ہو چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے ادویات کے خام مال یعنی فعال دوا ساز اجزا (API) کی مقامی تیاری کے لیے عالمی دوا ساز کمپنیوں کے ساتھ 400 ملین ڈالر کے معاہدے کیے ہیں۔ مجموعی طور پر صحت کے شعبے میں 659 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کے لیے 8 معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں کے تحت قائم ہونے والی پیداواری سہولیات آئندہ ڈیڑھ سے دو سال میں مرحلہ وار کام شروع کر دیں گی۔
پاکستان اس وقت ویکسین کی ضروریات پوری کرنے کے لیے عالمی اداروں کی مالی معاونت اور رعایتی نرخوں پر فراہم کی جانے والی خوراکوں پر انحصار کرتا ہے۔ تاہم یہ تعاون 2030ء سے 2031ء تک بتدریج ختم ہونے کا امکان ہے، جس کے بعد پاکستان کو ویکسین کی خریداری کے تمام اخراجات خود برداشت کرنا ہوں گے۔ حکام کے مطابق مستقبل میں ویکسین کی سالانہ خریداری پر اخراجات بڑھ کر 1.2 ارب ڈالر تک پہنچ سکتے ہیں۔ مقامی سطح پر ویکسین کی تیاری سے درآمدی انحصار کم کرنے اور مستقبل میں ممکنہ مالی و طبی بحران سے نمٹنے میں مدد مل سکتی ہے۔