دنیا کی سب سے گہری سمندری کھائی میں آتش فشانی کے ثبوت دریافت
ڈیلاس: (ٹیکنالوجی ڈیسک) بحرالکاہل میں موجود ماریانا کھائی، جو دنیا کی سب سے گہری سمندری کھائی ہے، اس کی تہہ میں سائنس دانوں کو آتش فشانی دھماکے کے ثبوت ملے ہیں۔ یہ دھماکہ سمندر کی سطح سے تقریباً 6 ہزار 500 میٹر نیچے ہوا تھا۔ اس مقام پر پانی کا دباؤ اتنا زیادہ ہوتا ہے کہ انسان وہاں پہنچ ہی نہیں سکتا۔
سائنس دانوں نے ایک خاص روبوٹ آبدوز کی مدد سے سمندر کی تہہ سے چٹانیں اٹھائیں۔ ان چٹانوں میں ٹوٹے ہوئے پتھر اور شیشے جیسا مواد ملا، جو صرف آتش فشانی دھماکے سے ہی بنتا ہے۔ یہ تحقیق سائنسی جریدے فرنٹیئرز اِن ارتھ سائنس میں شائع ہوئی ہے۔
اب سائنس دانوں کیلئے سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ اتنی گہرائی اور اتنے زیادہ دباؤ میں دھماکہ ہوا کیسے؟ عام طور پر آتش فشاں کھائی سے 200 سے 300 کلومیٹر دور ہوتے ہیں، لیکن اس تحقیق میں دریافت ہونے والی چٹانیں اس لیے اہم ہیں کہ یہ آتش فشانی سرگرمی کے شواہد کھائی کے اندر سے ملی ہیں، نہ کہ اس سے دور موجود آتش فشانی پہاڑوں سے۔
تحقیق کے مرکزی مصنف رابرٹ اسٹرن کے مطابق، سمندر کی گہرائی میں اس نوعیت کی چٹانوں کی دریافت غیر معمولی ہے۔ یہ چٹانیں زیادہ پرانی نہیں لگتیں، بلکہ کافی نئی ہیں۔ اس دریافت سے اب سمندر کی گہرائی میں چھپے رازوں کو سمجھنے میں بہت مدد ملے گی۔