چھوٹے دکانداروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے نئی حکمت عملی تیار

image

رجسٹریشن اسکیم کا اطلاق یکم اپریل سے ہو گا، ہر دکاندار سالانہ کم از کم 12 سو روپے ٹیکس لازمی دے گا، ہر ماہ کی مقررہ 15 تاریخ سے پہلے ٹیکس دینے کی صورت میں تاجروں کو 25 فیصد رعایت دی جائے گی۔ 

کراچی: (اکانومی ڈیسک) ایف بی آر نے چھوٹے دکانداروں اور تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے ایف بی آر نے ڈیلرز، ریٹیلرز، مینوفیکچرر اور امپورٹر کم ری ٹیلرز کی لازمی رجسٹریشن سے متعلق اسکیم کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ اسٹور، دکانیں، ویئرہاؤسز اور کاروباری دفاتر کے مالکان لازمی رجسٹریشن کرانے کے پابند ہوں گے۔

واضح رہے کہ مذکورہ اسکیم کا اطلاق یکم اپریل سے ہو گا، تاہم پہلی ٹیکس وصولی 15 جولائی سے شروع ہو گی۔ ہر دکاندار سالانہ کم از کم 1200 روپے ٹیکس لازمی دے گا۔ یکم اپریل سے پاکستان کے 6 بڑے شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، کوئٹہ اور پشاور میں رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔ 

ہر ماہ کی مقررہ 15 تاریخ سے پہلے ٹیکس دینے کی صورت میں تاجروں کو 25 فیصد تک رعایت دی جائے گی۔ سال 2023ء کا انکم ٹیکس گوشوارہ جمع کرانے والے تاجروں کو بھی رعایت میں شامل کیا جائے گا۔ قانون پر عمل نہ کرنے کی صورت میں زبردستی رجسٹریشن کر دی جائے گی۔