روپے کی قدر مستحکم رکھنے کیلئے اسٹیٹ بینک نے اربوں ڈالر خریدے

image

رواں مالی سال کے دوران 5 ارب ڈالر سے زائد خریدے گئے، اس عمل سے زرمبادلہ کے ذخائر 8 ارب ڈالر اور شرح تبادلہ 278 روپے برقرار رکھنے میں مدد ملی، روپیہ انڈر ویلیو رہنے سے مہنگائی کی صورتحال مزید خراب ہوئی ہے۔

اسلام آباد: (اکانومی ڈیسک) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے روپے کی قدر مستحکم رکھنے کیلئے اربوں ڈالرز خریدے ہیں۔ رواں مالی سال کے دوران انٹربینک مارکیٹ سے 5 ارب ڈالر سے زائد خریدے گئے ہیں۔ ڈالر خریدنے کے نتیجے میں زرمبادلہ کے ذخائر 8 ارب ڈالر اور شرح تبادلہ 278 روپے برقرار رکھنے میں مدد ملی ہے۔ 

ذرائع کے مطابق کم غیر ملکی قرضے ملنے کی وجہ سے مرکزی بینک نے مداخلت کرکے زرمبادلہ کے ذخائر کو 3 ارب ڈالر سے نیچے جانے سے روکنے کی کوشش کی ہے۔ البتہ ڈالر خریداری کے صحیح حجم کو ظاہر نہیں کیا گیا، تاہم امریکی ڈالر کی خریداری 5 ارب ڈالر سے بھی زیادہ ہے۔

ناقدین کے مطابق روپے کی قدر انڈر ویلیو رہنے سے مہنگائی کی صورتحال مزید خراب ہوئی ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ روپے کی قدر بڑھنے کی اجازت دی جائے۔ ایسا کرنے سے مہنگائی اور شرح سود میں کمی آ سکتی ہے۔