بشام میں چائنیز کو لے جانے والی کوسٹر پر خودکش حملہ، 5 چائنیز سمیت 6 افراد ہلاک

image

 دہشتگردوں نے اسلام آباد سے کوہستان جانے والے چائنیز انجینئروں کی گاڑیوں کے کافلے کو نشانہ بنایا، دھماکے سے کوسٹر گہری کھائی میں جا گری، کانوائے میں موجود دوسری گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

پشاور: (نیوز ڈیسک) خیبر پختونخواہ کے ضلع شانگلہ میں دہشتگردی کی لرزہ خیز واردات، دہشت گردوں نے اسلام آباد سے داسو ڈیم کوہستان جانے والے چائنیز باشندوں کے قافلے کو لاہور نالہ کے مقام پر خودکش دھماکے سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 5 چائنیز سمیت ایک پاکستانی ڈرائیور جانبحق ہو گیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق چائنیز باشندوں کا 12 گاڑیوں کا قافلہ فول پروف سکیورٹی میں تھا، ایک خودکش بمبار  نے بارودی مواد سے بھری گاڑی کانوائے میں شامل کوسٹر سے ٹکرا دی، دھماکے سے کوسٹر گہری کھائی میں جاگری اور آگ لگ گئی، دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی مکمل تباہ ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق شانگلہ میں چائنیز انجینئرز کو لے جانے والے قافلے پر حملے کا مقدمہ درج کرنے کے لیے پولیس کی جانب سے سی ٹی ڈی کو مراسلہ بھیج دیا گیا ہے، تھانہ بشام کے ایس ایچ او کی جانب سے بھیجے گئے مراسلے میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کرنے کی استدعا کی گئی ہے، مراسلے میں بتایا گیا کہ دھماکے سے کانوے میں موجود دوسری گاڑی کو بھی کافی نقصان پہنچا۔ کانوے میں موجود دیگر چائنیز اور سکیورٹی اہل کار بال بال بچ گئے، واقعے کی ایف آئی آر نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کی جائے۔