پشاور ہائیکورٹ نے اسپیکر کے پی کے کو مخصوص نشستوں پر حلف لینے کا حکم دے دیا

image
اپوزیشن جماعتوں کی درخواست منظور، مخصوص نشستوں پر حلف لینا اسپیکر کی ذمہ داری ہے، الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد اسپیکر حلف لینے کا پابند ہے۔
پشاور: (نیوز ڈیسک) پشاور ہائیکورٹ نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے خیبرپختونخوا میں مخصوص نشستوں کے ارکان سے حلف نہ لینے کے معاملے پر اپوزیشن ممبران کی درخواست منظور کر لی ہے۔ پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس شکیل احمد پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے درخواستوں پر فیصلہ سنایا ہے۔ خیبرپختونخوا میں پیپلز پارٹی، ن لیگ اور جے یو آئی کی مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان سے حلف لینے کیلئے درخواستیں دائر کی گئی تھیں۔
دوران سماعت جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے استفسار کیا کہ کیا اسپیکر حلف لینے سے انکار کررہے ہیں؟ جس پر اسپیکر کے وکیل علی عظیم آفریدی نے جواب دیا کہ ایسا نہیں ہے، پہلی بار گورنر کا حکم اپوزیشن لیڈر کے ذریعے آتا ہے جو مناسب طریقے سے نہیں آتا۔ جسٹس عتیق شاہ نے سوال کیا کہ گورنر کا آرڈر کس نے چیلنج کیا ہے؟ جس پر اسپیکر اسمبلی کے وکیل علی عظیم آفریدی نے جواب دیا کہ کسی نے گورنر کے آرڈر کو چیلنج نہیں کیا۔
جسٹس شکیل احمد نے کہا کہ سیکریٹری کے خط کو چھوڑیں، ہمیں بتا دیں کہ گورنر اسمبلی اجلاس طلب کر سکتا ہے یا نہیں؟ وکیل نے بتایا کہ آرٹیکل 109 میں گورنر کر سکتا ہے، اس کو 105 کے ساتھ پڑھا جائے گا، اگر گورنر ایسا کرے گا تو پھر تو وزیراعلیٰ بے اختیار ہوگا۔ اپوزیشن کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے عدالت میں کہا کہ ہائیکورٹ نے مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ سے متعلق فیصلہ بھی دیا۔