امریکہ میں جنونی شخص نے 4 افراد کو قتل کر دیا

image

امریکہ میں تشدد کے بڑھتے واقعات، الینوائے ریاست میں چاقو کے وار سے 9 افراد زخمی، زخمی ہونیوالوں میں 4 افراد ہلاک ہو گئے، 5 زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔                                                                                                 شکاگو: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست الینوائے میں چاقو بردار جنونی شخص نے راہگیروں پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہو گئے، ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق راک فورڈ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے سب سے پہلے ایک مارٹ کے نو عمر ملازم کو چاقو گھونپ کر قتل کیا اور پھر راہگیروں پر حملے کرتا رہا۔

اسپتال میں چاقو کے وار سے متاثرہ 9 افراد کو منتقل کیا گیا جن میں سے 3 مردہ حالت میں تھے جبکہ ایک نے دوران علاج دم توڑ دیا۔ ایک زخمی کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ 3 زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ تفتیشی عمل جاری ہے لیکن ابھی تک قتل کے محرکات کا تعین نہیں ہو سکا۔ تاحال ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

شکاگو کے شمال مغرب میں واقع راک فورڈ کی آبادی تقریباً ڈیڑھ لاکھ کے لگ بھگ ہے۔ اس پرامن علاقے میں اس  قسم کے واقعات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ اس واقعے سے شہری خوف زدہ ہوگئے ہیں اور علاقے میں پولیس کا گشت بھی بڑھا دیا گیا ہے۔