ہماری ٹیم میں اہم کھلاڑیوں کے نہ ہونے کی وجہ سے مشکل صورتحال کا سامنا ہے: نیوزی لینڈ ہیڈ کوچ

image

نیوزی لینڈ ٹیم 5 ٹی 20 میچوں کی سیریز کیلئے پاکستان پہنچ گئی، "پاکستان کی ٹیم ہمیشہ خطرناک رہی ہے، ہوم گراؤنڈ پر اسے ہرانا کسی چیلنج سے کم نہیں، پوری ٹیم پاکستان کے خلاف تگڑے مقابلے کیلئے تیار ہے۔"

راولپنڈی: (اسپورٹس ڈیسک) مائیکل بریسویل کی قیادت میں بلیک کیپس کا دستہ گرین شرٹس کے خلاف سیریز سے قبل اتوار کی صبح اسلام آباد پہنچ گیا۔ نیوزی لینڈ کے ہیڈ کوچ گیری اسٹیڈ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ٹیم میں اہم کھلاڑیوں کے نہ ہونے کے باعث ہمیں مشکل صورتحال کا سامنا ہے لیکن ہم جیتنے کیلئے اپنی پوری طاقت صرف کریں گے۔ گیری اسٹیڈ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی ٹیم ہمیشہ خطرناک رہی ہے اور ہوم گراؤنڈ پر اس کو ہرانا کسی چیلنج سے کم نہیں تاہم پوری ٹیم پاکستان کے خلاف تگڑے مقابلے کیلئے تیار ہے۔

واضح رہے کہ 5 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلنے کیلئے نیوزی لینڈ کی جو ٹیم پاکستان پہنچی ہے اس میں اسٹار کرکٹرز شامل نہیں اور ٹیم میں زیادہ تر ناتجربہ کار کھلاڑی شامل ہیں۔ آئی پی ایل کی وجہ سے ریگولر کپتان کین ولیمسن سمیت 9 کھلاڑی پاکستان نہیں آئے جبکہ کاؤنٹی لیگ اور نجی مصروفیات کے باعث کئی اسٹار کھلاڑی بھی اس دورے کا حصہ نہیں ہیں۔ شیڈول کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل 18 اپریل کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

دوسری جانب سیریز کا پہلا میچ بارش کی وجہ سے کینسل ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ پاکستان ٹیم کا منگل کو ہونے والا پریکٹس سیشن بھی منسوخ ہونے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ راولپنڈی میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جہاں 5 میں سے 3 میچز 18، 20 اور 21 اپریل کو شیڈول ہیں، باقی 2 میچز 25 اور 27 اپریل کو لاہور میں کھیلے جائیں گے۔