فٹ بال میچ ہارنے پر تماشائی آپے سے باہر

image

ایک مداح نے الاتحاد کے اسٹرائیکر عبدالرزاق حمداللہ کو کوڑے سے پیٹا، ابوظہبی میں کھیلے گئے سعودی سپر کپ میں الاتحاد اور الہلال کے درمیان میچ کی فوٹیج سامنے آ گئی، فٹبالر عبدالرزاق حمد اللہ نے ایک فین پر پانی پھینکا تھا۔

ابوظہبی: (اسپورٹس ڈیسک) ابوظہبی میں کھیلے گئے سعودی سپر کپ میں الاتحاد اور الہلال کے درمیان میچ کی فوٹیج سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس میں ایک مداح نے الاتحاد کے اسٹرائیکر عبدالرزاق حمداللہ کو بحث کے بعد کوڑے مارے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس ہار کے بعد فیلڈ کے قریب کھڑے ایک مشتعل شخص نے اتحاد کے کھلاڑی کو کوڑے مارنا شروع کر دیے تھے۔ فٹبالر عبدالرزاق حمد اللہ نے ایک فین پر پانی پھینکا تھا جس پر تماشائی نے مشتعل ہو کر کھلاڑی پر کوڑے برسانا شروع کر دیے۔ 

مراکش سے تعلق رکھنے والے سٹرائیکر حمد اللہ نے اپنی ٹیم کیلئے میچ میں ایک گول کیا تھا تاہم ان کی ٹیم 1-4 سے ہار گئی تھی۔ وہ اس سے قبل ایک پینلٹی گول کرنے میں ناکام رہے تھے۔ سعودی عرب کا مقصد خود کو عالمی فٹ بال میں نمایاں کرنا ہے، وہ 2034ء کے ورلڈ کپ کی میزبانی کا واحد امیدوار ہے اور اس نے کرسٹیانو رونالڈو، نیمار، اور کریم بینزیما جیسے نامور کھلاڑیوں کو منافع بخش تنخواہوں کے ساتھ سعودی پرو لیگ کی طرف راغب کر لیا ہے۔

دوسری جانب سعودی فٹبال فیڈریشن کا کہنا ہے کہ نام نہاد فین کا اقدام سعودی فٹبال کی عکاسی نہیں کرتا، ہم اس واقعے کی مذمت کرتے ہیں۔ شائقین کے قوائد و ضوابط پر نظر ثانی ہوگی تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات روکے جاسکیں۔ فٹبال کلب التحاد نے واقعے پر کسی ردعمل کا اظہار نہیں کیا تاہم بدتمیزی کرنے والے مداح کو سیکیورٹی اہلکاروں نے حراست میں لے لیا ہے۔