یوٹیوب کی ایڈ بلاکرز کے خلاف کارروائی

image

کمپنی پالیسی تھرڈ پارٹی ایپس کو اشتہارات بند کرنے کی اجازت نہیں دیتی، پلیٹ فارم نے ایڈ بلاکنگ ایکسٹنشن آن رکھنے والے صارفین کیلئے ویڈیوز کو غیر فعال کرنا شروع کر دیا، اشتہارات بند کرنے سے تخلیق کاروں کی کمائی میں رکاوٹ آتی ہے۔

کیلیفورنیا: (ٹیکنالوجی ڈیسک) ویڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے موبائل ڈیوائسز میں ایڈ بلاکر کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یوٹیوب کا کہنا ہے کہ کمپنی پالیسیاں تھرڈ پارٹی ایپس کو اشتہارات بند کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیتیں۔ اشتہارات کو روکنے سے تخلیق کار کی کمائی میں رکاوٹ آتی ہے۔

جو صارفین یوٹیوب پر تھرڈ پارٹی ایڈ بلاکنگ ایپ کے ذریعے ویڈیو دیکھتے ہیں ان کو بفرنگ کے مسائل کا سامنا ہوتا ہے، ان صارفین کو اکثر یہ پیغام موصول ہوتا ہے کہ "یہ مواد آپ کی ایپ کیلئے دستیاب نہیں ہے۔" گزشتہ برس یوٹیوب نے عالمی سطح پر ویڈیو کے دوران اشتہارات دیکھنے کی حوصلہ افزائی کی تھی۔ جس کے بعد پلیٹ فارم نے ایڈ بلاکنگ ایکسٹنشن آن رکھنے والے صارفین کیلئے ویڈیوز کو غیر فعال کرنا شروع کر دیا تھا۔ 

واضح رہے کہ ایڈ بلاکنگ ایپ صارفین کو بغیر کسی اشتہار کے یوٹیوب پر ویڈیو دیکھنے میں مدد دیتے ہیں۔ یوٹیوب کا کہنا ہے کہ کمپنی صرف ان تھرڈ پارٹی ایپس کو ان کی اے پی آئی استعمال کرنے کی اجازت دیتی ہے جو یوٹیوب کے قواعد کی پاسداری کرتی ہیں۔ ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کمپنی نے کاروائی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔