پاکستان میں ایکس سروس کی بندش پر ایکس انتظامیہ کا ردعمل

image

شدت پسندانہ نظریات اور جھوٹی معلومات کی تشہیر کیلئے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا بے دریغ استعمال، ایکس پاکستان میں رجسٹرڈ ہے نہ ہی پاکستانی قوانین کی پاسداری کے معاہدے کا شراکت دار، سکیورٹی وجوہات کی بنا پر دنیا بھر کے مختلف ممالک میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی عائد ہوتی رہتی ہے۔

اسلام آباد: (ٹیکنالوجی ڈیسک) پاکستان میں ایکس کی بندش پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا ردعمل سامنے آ گیا ہے۔ ایکس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ پاکستانی حکومت کے تحفظات پر ان کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔ ایکس کا یہ بیان اسلام آباد ہائی کورٹ میں وزارتِ داخلہ کی جانب سے ایکس بندش پر جمع کرائی گئی رپورٹ کے بعد سامنے آیا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں وزارت داخلہ نے ایکس بندش پر جواب جمع کرواتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ پاکستان میں ایکس کو قومی سلامتی کے خدشات پر بند کیا گیا ہے۔ 

ایکس پاکستان میں رجسٹرڈ ہے نہ ہی پاکستانی قوانین کی پاسداری کے معاہدے کا شراکت دار ہے۔ ایکس کی جانب سے پلیٹ فارم کے غلط استعمال سے متعلق حکومت پاکستان کے احکامات کی پاسداری نہیں کی گئی جس کے باعث پابندی لگانا ضروری تھا۔ وزارتِ داخلہ کے مطابق ایکس حکام کا عدم تعاون ایکس کیخلاف ریگولیٹری اقدامات بشمول عارضی بندش کا جواز ہے۔ شر پسند عناصر کی جانب سے شدت پسندانہ نظریات اور جھوٹی معلومات کی تشہیر کیلئے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے۔ 

ملک میں امن و امان کو نقصان پہنچانے اور عدم استحکام کو فروغ دینے کیلئے ایکس کو بطور آلہ استعمال کیا جا رہا ہے۔ حکومت کے پاس ایکس کی عارضی بندش کے علاوہ کوئی اور راستہ موجود نہیں۔ وزارت داخلہ نے دلیل دی کہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر دنیا بھر کے مختلف ممالک کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی عائد کی جاتی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ایکس کی بندش کیخلاف درخواستوں کو خارج کیا جائے۔