حکومت کا کچے کے ڈاکوؤں کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ختم کرنے کا پلان

image

 حکومت نے کچے کے علاقے کو ڈاکوؤں سے پاک کرنے فیصلہ کر لیا، جلد ہی جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مشترکہ آپریشن کیا جائے گا، شرپسندوں کا قلع قمع کر کے دم لیں گے۔

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت نیکٹا ہیڈکوارٹر میں نیشنل ایکشن پلان عمل درآمد جائزہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں کچے کے علاقوں کو ڈاکوؤں سے پاک کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جلد ہی کچے میں شرپسند عناصر کے خلاف مشترکہ آپریشن کیا جائے گا، اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، سربراہ نیکٹا، ڈی جی ایف آئی اے اور سیکرٹری داخلہ بھی شریک ہوئے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں کچے کے علاقوں میں موجود شرپسندوں کے مکمل خاتمے کے لیے آپریشن میں جدید ٹیکنالوجی کی مدد حاصل کی جائے گی، اجلاس میں پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کے آئی جیز نے بھی شرکت کی، نیشنل کوآرڈینٹر نیکٹا، نیشنل ایکشن پلان اور انٹیلی جنس اداروں کی ٹیم اور چیف کمشنرز بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق اجلاس میں سندھ اور پنجاب کے کچے کے علاقے میں مشترکہ آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا گیا، وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کچے کے علاقوں سے شر پسند عناصر کا مشترکہ آپریشن سے مستقل خاتمہ کیا جائے گا اور کچے کے علاقوں میں مشترکہ آپریشن کیلئے ڈرونز سمیت جدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لایا جائے گا، اجلاس میں چینی شہریوں کی سکیورٹی کے بارے میں کیے گئے اقدامات کا جائزہ بھی لیا گیا، اور تمام آئی جیز نے چینی شہریوں کی سکیورٹی اور حفاظت کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔