شام کے بعد 3 منٹ ورزش کرنا ڈیڑھ گھنٹے کی ورزش بہتر

image

سڈنی کے ماہرین کی منفرد تحقیق، تحقیق میں یو کے بائیو بینک کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا، شام 6 بجے کے بعد مختلف طرح کی ورزشیں وزن کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔ 

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) آسٹریلوی شہر سڈنی کے ماہرین کی جانب سے ایک منفرد تحقیق کی گئی ہے۔ 8 سال تک جاری رہنے والی تحقیق میں 30 ہزار افراد کو شامل کیا گیا۔ تحقیق کے دوران یو کے بائیو بینک کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا۔ ماہرین کے مطابق شام کے بعد اور رات گئے کی ورزش سے نہ صرف جسمانی بلکہ ذہنی صحت بھی بہتر ہوتی ہے۔

محققین کا کہنا ہے کہ شام کے وقت یا پھر نصف شب کے بعد ورزش کرنا زیادہ فائدہ مند ہوتا ہے۔ تحقیق میں شامل 3 ہزار افراد ذیابیطس کا بھی شکار تھے۔ تمام رضاکاروں کو دن اور رات کے مختلف اوقات میں ورزش کرنے کا کہا گیا تھا اور ان کے جسموں میں مختلف ڈیوائسز نصب کی گئی تھیں تا کہ ان کی ورزش اور معمول کو دیکھا جا سکے۔

تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا کہ شام کے وقت یا پھر رات گئے محض 3 منٹ کی ورزش دن کے وقت میں ڈیڑھ گھنٹے تک ورزش سے بہتر ہوتی ہے۔ ویسے تو مختلف ورزشیں وزن کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں، تاہم رات گئے ورزش کرنے سے ذیابیطس میں بھی فائدہ ملتا ہے۔ ماہرین کے مطابق عام طور پر رات دیر گئے بلڈ شوگر کی سطح کو کم کرنے والی انسولین نہیں پن پاتی اور اگر رات گئے ورزش کی جائے تو انسولین بننے سمیت بلڈ شوگر سے کی سطح میں بھی کمی ہو گی۔