عام استعمال کئے جانے والے سپلیمنٹس صحت کیلئے نقصان دہ بھی ثابت ہو سکتے ہیں: طبی ماہرین

image

سپلیمنٹس انسان کی روزمرہ خوراک کا توازن برقرار رکھنے میں مددگار، سبز چائے کا عرق کچھ لوگوں میں جگر کے زخم پیدا کرسکتا ہے، وٹامن بی 3 کا زیادہ استعمال جگر کی صحت اور خون جمنے کی صلاحیت کو متاثر کر سکتا ہے۔

اسلام آباد: (ویب ڈسک) طبی ماہرین کے مطابق سپلیمنٹس انسان کی روزمرہ خوراک کو متوازن رکھنے میں مدد دیتے ہیں اور تمام ضروری وٹامنز اور معدنیات فراہم کرتے ہیں۔ اس لئے روزمرہ زندگی میں صحت کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے سپلیمنٹس کا عام استعمال کیا جاتا ہے، تاہم کچھ ایسے سپلیمنٹس بھی ہیں جو ممکنہ خطرے کا باعث بن سکتے ہیں اور جگر جیسے اہم اعضاء کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

سبز چائے ایک مقبول مشروب ہے، تاہم واشنگٹن میں انویگر میڈیکل کے پروفیسر اور ڈاکٹر، لین پوسٹن کے مطابق، سبز چائے کا عرق کچھ لوگوں میں جگر کے زخم پیدا کر سکتا ہے۔ اسی طرح سیاہ کوہوش ایک جڑی بوٹی ہے جو جنوبی امریکہ میں پائی جاتی ہے۔ عام طور پر اسے رجونورتی کی علامات کو رفع کرنے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے تاہم امریکی حکومت کے ماتحت طبی ادارے سی ڈی سی کی ایک طبی ماہر ڈاکٹر نیسوچی نے بتایا کہ اس بات کے کچھ شواہد پائے گئے ہیں کہ یہ جڑی بوٹی جگر کیلئے نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔

وٹامن B3 جسم کو توانائی بخشتا ہے اور تناؤ سے متعلقہ ہارمونز پیدا کرنے، خون کی گردش کو بہتر بنانے اور کولیسٹرول کو کنٹرول کرنے میں بھی معاون ہے تاہم وٹامن بی 3 کی زیادہ مقدار جگر کی صحت اور خون جمنے کی صلاحیت کو متاثر کر سکتی ہے۔ وٹامن اے بھی ایک اہم غذائیت ہے جو بصارت اور قوت مدافعت میں اہم کردار ادا کرتا ہے لیکن اسے لینے والوں کو اس کی مقدار کے حوالے سے احتیاط برتنی چاہیئے۔ اگر وٹامن اے تجویز کردہ خوراک سے 100 گنا سے زائد لے جائے تو یہ شدید جگر کی خرابی کا باعث بن سکتا ہے۔