آئی پی ایل کے میچ میں متنازع آؤٹ دینے پر ویرات کوہلی امپائرز سے خفا

image

یہ واقعہ گزشتہ روز کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور رائل چیلنجرز بنگلور کے میچ میں پیش آیا، تھرڈ امپائر کی جانب سے ایک قدرے اونچی گیند پر کوہلی کو آؤٹ قرار دیا گیا، "پہلے بھارتی ٹیم ایونٹ میں پاکستان آئے پھر کوئی آپشن دیکھیں گے۔"

نئی دہلی: (اسپورٹس ڈیسک) بھارتی اسٹار کرکٹر ویرات کوہلی متنازع آؤٹ دینے پر گراونڈ میں امپائرز پر نالاں ہو گئے۔ گزشتہ روز آئی پی ایل 2024ء کے کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور رائل چیلنجرز بنگلور کے میچ کے دوران رائل چیلنجرز بنگلور کی اننگ کے تیسرے اوور میں ہرشیت رانا نے کوہلی کو سست فل ٹاس گیند کرائی جس کو کوہلی نے سیدھا کھیلا اور فیلڈر نے کیچ کرنے کے بعد آؤٹ کی اپیل کر دی۔ ویرات کو یقین تھا کہ گیند ان کی کمر سے اوپر ہے اور قواعد کے مطابق نو بال ہے جس پر وہ آؤٹ نہیں ہو سکتے، تاہم ری پلے میں معلوم ہوا کہ کوہلی گیند کو کھیلتے وقت کریز سے باہر تھے تاہم کریز میں وہ گیند قمر سے نیچے دکھائی دے رہی تھی جس کو دیکھتے ہوئے تھرڈ امپائر نے انہیں آؤٹ قرار دے دیا۔

ویرات کوہلی جو میدان میں عموماً ٹھنڈے اور خوش مزاج رہتے ہیں، اس فیصلے پر اپنے غصے پر قابو نہ رکھ سکے۔ گراؤنڈ سے باہر جانے سے قبل انہوں نے اپنے غصے کا اظہار کیا اور فیلڈ امپائرز کی طرف پلٹ گئے جہاں انہوں نے امپائرز سے اس مشکوک فیصلے پر بحث کی جو قدرے تلخ ہوئی۔ یہ میچ کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی ایک رنز سے فتح پر اختتام پذیر ہوا۔ کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز بنائے تھے۔ رائل چیلنجرز بنگلورو 221 رنز پر پہنچ کر ہمت ہار گئی۔ یہ آر سی بی کی رواں آئی پی ایل کے 8 میچز میں ساتویں شکست تھی۔

دوسری جانب چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے روہت شرما کی جانب سے پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کی خواہش کا جواب دے دیا۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھارتی کپتان روہت شرما کی جانب سے پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کی حمایت کے سوال پر کہا کہ چیمپئنز ٹرافی تک پاکستانی ٹیم بہت مصروف ہے، پہلے بھارتی ٹیم ایونٹ میں پاکستان آئے پھر کوئی آپشن دیکھیں گے۔ ایل سی سی سی اے گراﺅنڈ میں انٹرکلب کرکٹ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب میں محسن نقوی نے کہا کہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچز کیلئے انٹرویوز چل رہے ہیں، چند روز میں اعلان بھی ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فیصلہ نیوزی لینڈ کیخلاف ہوم سیریز کے بعد ہو جائے گا، فاسٹ بولر احسان اللہ کے علاج میں کوتاہی کرنے والوں کیخلاف سخت ایکشن لیں گے، ہر کھلاڑی اہم ہے، اعظم خان کی انجری کو خود مانیٹر کر رہا ہوں۔