پی ٹی آئی وفد کی منصورہ آمد

image

جماعت اسلامی کو اپوزیشن اتحاد میں شمولیت کی دعوت، صدر تحریک تحفظ آئین محمود خان اچکزئی بھی  جماعت اسلامی کے مرکز پہنچے، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے وفد کا بھرپور استقبال کیا۔

لاہور: (نیوز ڈیسک) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن سے محمود اچکزئی اور اسد قیصر کی قیادت میں اپوزیشن وفد نے ملاقات کی اور انہیں حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک میں شمولیت کی دعوت دی۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی طرف سے وفد کا استقبال کیا گیا۔ اپوزیشن رہنماؤں اور جماعت اسلامی کے رہنماؤں کے درمیان خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی۔

محمود خان اچکزئی کی جانب سے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کو احتجاجی تحریک میں شمولیت کی باقاعدہ دعوت دی گئی ہے۔ محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ ہم ملک میں آئین کی بالادستی کیلئے تحریک چلا رہے ہیں، ہمارا مقصد صرف چہروں کی تبدیلی نہیں۔ ملاقات کے بعد محمود خان اچکزئی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جس قسم کے انتخابات ہوئے، ملک کی بدنامی ہوئی، آئین کی بالادستی کیلئے آئے ہیں۔ اس کی خلاف ورزی قبول نہیں۔

اسد قیصر نے کہا کہ یہ تحریک ملک میں آئین اور قانون کے لئے ہے، اقتدار کیلئے نہیں، جس صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں اس میں امیر جماعت اسلامی اپنا اہم کردار ادا کریں گے۔ امید ہے آئین و قانون کی بحالی کے لئے جماعت اسلامی ساتھ دے گی۔ ملک میں جنگل کا قانون ہے، آزاد ملک اس طرح نہیں چلایا جا سکتا، انسانی حقوق پامال اور ناجائز مقدمات بن رہے ہیں۔