بھارت ایک بار پھر کرونا کی لپیٹ میں

image

بھارت میں 24 گھنٹوں میں کورونا نے مزید 23 افراد کی جان لے لی، 24 گھنٹوں میں کورونا کے 4 ہزار 777 نئے کیسز بھی سامنے آئے، بھارت میں اس مہلک وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 5 لاکھ 28 ہزار 510 ہو گئی ہے۔ 

نئی دہلی: بھارتی میڈیا کے مطابق مودی حکومت نے دعویٰ کیا تھا کہ ملک میں کورونا پر قابو پا لیا گیا ہے اور نریندر مودی اسے اپنی بڑی کامیابی بھی قرار دیتے ہیں۔ تاہم حقیقت یہ ہے کہ بھارت میں کورونا ایک بار پھر سر اُٹھا رہا ہے۔ صرف گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھارت میں کورونا سے مزید 23 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

کورونا سے ایک دن میں ہونے والی 23 ہلاکتوں میں سے 11 ہلاکتیں صرف ریاست کیرالہ میں ہوئیں۔ اسی طرح ملک بھر میں اس مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 5 لاکھ 28 ہزار 510 ہو گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4 ہزار 777 نئے کیسز بھی سامنے آئے ہیں جس کے بعد ایک بار پھر کورونا پابندیوں کو سخت کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ تاہم سابقہ فیصلوں کی ناکامی کو دیکھتے ہوئے شاید ہی مودی حکومت کوئی بڑا فیصلہ کر پائے۔

واضح رہے کہ کورونا کا پہلا کیس چین کے صوبے ووہان میں دسمبر 2019ء میں سامنے آیا تھا اور دیکھتے ہی دیکھتے یہ وباء پوری دنیا میں پھیل گئی تھی۔ اس موذی وائرس سے تاحال 65 لاکھ سے زیاد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 61 کروڑ 50 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے تھے۔ اُس وقت بھی امریکا کے بعد بھارت اس وباء سے متاثر ہونے والا دوسرا بڑا ملک تھا تاہم دنیا بھر میں کورونا ویکسینیشن کے بعد صورت حال قابو میں آئی تھی مگر اب دنیا بھر میں معاملات پہلے کی طرح چلنے لگے ہیں۔