تھائی لینڈ کی ملکہ کا منفرد انداز، خود طیارہ اڑا کر جاپان پہنچ گئیں

image


بنکاک: (ویب ڈیسک) تھائی لینڈ کی ملکہ سوتھیدا نے ایک منفرد انداز اپناتے ہوئے شاہی بیڑے کا بوئنگ مسافر طیارہ خود اڑا کر بنکاک سے جاپان تک کا تقریباً سات گھنٹے طویل سفر مکمل کیا۔ ملکہ سوتھیدا جاپان میں منعقد ہونے والی ایشیا ویمنز آئس ہاکی چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے روانہ ہوئی تھیں۔ رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ جاپان پہنچنے کے بعد انہوں نے خود گاڑی چلا کر ہوٹل تک کا سفر طے کیا۔

ملکہ سوتھیدا کی اس غیر معمولی سرگرمی نے عوام کی توجہ حاصل کی، کیونکہ شاہی شخصیات کیلئے خود طیارہ اڑانا اور گاڑی چلانا عام طور پر غیر معمولی تصور کیا جاتا ہے۔ وہ انٹرنیشنل آئس ہاکی فیڈریشن کی ویمنز گلوبل ایمبیسیڈر بھی ہیں اور کھیلوں کے فروغ میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔ ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور ہوا بازی سے وابستگی انہیں دیگر شاہی شخصیات سے ممتاز کرتی ہے۔

دستیاب معلومات کے مطابق ملکہ سوتھیدا کے پاس کمرشل پائلٹ کا باقاعدہ لائسنس ہے اور وہ مختلف طیاروں میں تقریباً 1,190 گھنٹے پرواز کا تجربہ رکھتی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ بیرونِ ملک دوروں کے دوران شاہی طیاروں میں پائلٹ کے فرائض بھی انجام دیتی رہی ہیں۔ ان کی یہ صلاحیت اس بات کی مثال ہے کہ شاہی ذمہ داریوں کے ساتھ پیشہ ورانہ تربیت اور عملی مہارت بھی کس طرح نمایاں مقام حاصل کر سکتی ہے۔