پاکستان سمیت متعدد مسلم ممالک کی مقبوضہ بیت المقدس میں کولمبیا کے سفارت خانے کے افتتاح کی مذمت
بوگوٹا: (ویب ڈیسک) مشترکہ بیان میں پاکستان، مصر، فلسطین، ترکیہ، جبوتی، لبنان، لیبیا، یمن، قطر، اردن، صومالیہ، ملائیشیا، سعودی عرب، الجزائر، عمان، شام اور سوڈان کے وزرائے خارجہ نے یروشلم میں کولمبیا کے سفارت خانے کے افتتاح کو مسترد کیا۔ اعلامیے کے مطابق یہ اقدام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی خلاف ورزی اور دو ریاستی حل کے امکانات کو نقصان پہنچانے کا باعث بن سکتا ہے۔
وزرائے خارجہ نے کہا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس کی قانونی یا تاریخی حیثیت تبدیل کرنے یا اسے اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے اقدامات کو قانونی حیثیت حاصل نہیں۔ اعلامیے میں سلامتی کونسل کی قراردادوں 476 اور 478 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ یہ قراردادیں یروشلم کی حیثیت تبدیل کرنے کی کوششوں کو مسترد کرتی ہیں اور شہر میں سفارتی مشن قائم کرنے سے متعلق اقدامات پر اعتراض کرتی ہیں۔
مشترکہ اعلامیے میں کولمبیا کی حکومت پر زور دیا گیا کہ وہ اپنے فیصلے پر نظرثانی کرکے اسے واپس لے اور بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں کی پاسداری کرے۔ وزرائے خارجہ نے فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام پر زور دیا، جس کا دارالحکومت مشرقی یروشلم ہو۔
#InternationalNews
#16thOct2026
#Pakistan
#Jerusalem #Colombia
#Palestine
#MuslimCountries
#TVN
#News
#TVNUrdu
#TVNWorld
#TheViewsNetwork