پاکستان 2027ء میں عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے بورڈز آف گورنرز کی سربراہی کرے گا

image

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) وزارت اقتصادی امور کے مطابق پاکستان 1953ء کے بعد پہلی مرتبہ عالمی بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے بورڈز آف گورنرز کی سربراہی کرے گا۔ اعلان کے بعد احد خان چیمہ کو عالمی بینک گروپ کے کارپوریٹ سیکریٹریٹ کی جانب سے چیئرمین شپ کی ذمہ داریوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر نے عالمی بینک گروپ کی نائب صدر اور کارپوریٹ سیکریٹری ارادھانا کمار کپور سے بھی ملاقات کی، جس میں پاکستان کی مدتِ سربراہی کے دوران ادارہ جاتی معاونت اور رابطہ کاری پر تبادلۂ خیال ہوا۔

احد خان چیمہ نے سبکدوش ہونے والے چیئرمین کارلوس کاروالو اسپالڈنگ سے بھی ملاقات کی اور انہیں مدتِ عہدہ کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارک باد دی۔ وزارت کے مطابق ملاقات میں چیئرمین شپ کی ذمہ داریوں اور آئندہ سال کی ترجیحات پر گفتگو ہوئی۔ احد چیمہ نے کہا کہ پاکستان ترقی پذیر ممالک کی آواز مؤثر بنانے، ترقیاتی مالی وسائل کی قابلِ پیش گوئی فراہمی اور کثیرالجہتی ترقیاتی اداروں کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے کے لیے کردار ادا کرے گا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا ہے کہ پاکستان پائیدار اور جامع ترقی کے لیے نجی سرمایہ کاری کو متحرک کرنے کا خواہاں ہے۔ ان کے مطابق پاکستان عالمی بینک گروپ، آئی ایم ایف اور رکن ممالک کے ساتھ مل کر ایک مؤثر کثیرالجہتی ترقیاتی اور مالیاتی نظام کے فروغ کے لیے کام کرے گا۔


#NationalNews
#16thOct2026
#PakistanEconomy
 #WorldBank 
#IMF
#AhadCheema
#GlobalFinance
#Business
#TVN
#News
#TVNUrdu
#TVNNational 
#TheViewsNetwork