وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بڑا دعویٰ کر دیا
لاہور: (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دعویٰ کیا ہے کہ گورنر راج میں حصہ اور گورنر شپ نہ ملنے پر ایک سیاسی جماعت کے سربراہ شدید ناراض ہیں۔ لاہور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مذکورہ سیاستدان ماضی میں کئی دہائیوں تک اسٹیبلشمنٹ کے سہارے سیاست کرتے رہے۔ ان کے مطابق ایسے رہنماؤں کو اب دوسروں پر تنقید کرنے کے بجائے حقائق اور دلائل کی بنیاد پر بات کرنی چاہیے۔
محسن نقوی نے کہا کہ بعض سیاسی رہنما سابق فاٹا کے اضلاع کے وسائل کے معاملے پر آج تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔ ان کا سوال تھا کہ جب ماضی میں ان اضلاع کو ان کا جائز حصہ نہیں مل رہا تھا تو یہ رہنما خاموش کیوں رہے؟ انہوں نے زور دیا کہ سابق فاٹا کے عوام کے حقوق اور وسائل کا معاملہ سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر حل کیا جانا چاہیے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو اس وقت سنگین سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے اور سیاسی رہنماؤں کو انتشار پھیلانے کے بجائے امن و امان کی بحالی میں کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے سیاسی اختلافات کے باوجود غیر شائستہ زبان اور الزام تراشی سے گریز کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔ ان کے مطابق صوبے میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سیاسی محاذ آرائی کے بجائے امن، استحکام اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔