یکم مارچ سے ایف بی آر کا عوام کے ٹیکسز سے اپنے افسران کو بھاری مراعات دینے کا فیصلہ، نوٹیفیکیشن جاری

image

افسران کیلئے ان لینڈ ریونیو میس قائم ہوگا جس کیلئے ایک بار 30 لاکھ روپے تک کے آلات و سامان خریدے جا سکیں گے، شہید ہونیوالے ان لینڈ ریونیو کے اہلکاروں و افسران کے ورثاء کو پندرہ لاکھ روپے سے 75 لاکھ روپے تک کا امدادی پیکج دیا جائے گا۔

اسلام آباد:  فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے  ان لینڈ ریونیو ڈیپارٹمنٹ نے پوائنٹ آف سیل فیس سے حاصل ہونیوالے ریونیو سے اپنے افسران کو بھاری الاؤنسز و مراعات دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پوائنٹ آف سیلز فیس کی مد میں اکٹھا ہونے والے ریونیو سے ایف بی آر کے ان لینڈ ریونیو سروس کے گریڈ 17 سے 22 کے افسران کیلئے آئی ای آر ایس کامن پول فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس فنڈ کو 25 ہزار سے 35 ہزار روپے ماہانہ ہاؤس رینٹ سبسڈی، افسران کیلئے ان لینڈ ریونیو میس قائم ہوگا جس کیلئے ایک بار 30 لاکھ روپے تک کے آلات و سامان خریدے جا سکیں گے، جبکہ تین لاکھ روپے ماہانہ تک کا کرایہ، ڈیڑھ لاکھ روپے ماہانہ تک یوٹیلٹی بلز کی مد میں اور ڈیڑھ لاکھ روپے ماہانہ تک پرائیوٹ طور پر بھرتی کیے جانیوالے اسٹاف کو تنخواہوں کی ادائیگیوں کیلئے فراہم کئے جائیں گے۔

دوران سروس شہید ہونیوالے ان لینڈ ریونیو کے اہلکاروں و افسران کے ورثاء کو پندرہ لاکھ روپے سے 75 لاکھ روپے تک کا امدادی پیکج دیا جائے گا۔ ایکسپریس کو دستیاب دستاویز فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ جس کا اطلاق یکم مارچ 2023 سے ہوگا۔ ان رولز کے تحت آئی آر ایس کامن پُول فنڈ رولز 2.023 جاری کئے گئے ہیں جس میں بتایا گیا ہے کہ پی او ایس فیس، سروس چارجز، گرانٹس، منافع کے فنڈز ذاتی فلاح پر خرچ ہوں گے۔

ہیڈ کوارٹر سپورٹ کے نام پر ماہانہ 40 ہزار روپے تک الاوٴنس ملے گا عارضی رہائش کیلئے 30 لاکھ تک کا سامان خریدنے کی اجازت ہوگی، سینئر افسران کو رہائش گاہ کا ماہانہ 3 لاکھ تک کرایہ بھی دیا جائے گا۔ ہاؤس رینٹ سبسڈی، فیول سبسڈی، بچوں کی تعلیم کیلئے اسکالر شپ بھی ملے گا ۔ رولز کے مطابق کامن پول میں جمع ہونے والے ریونیو کا 90 فیصد خرچ کیا جاسکے گا۔ رولز میں بتایا گیا ہے کہ ان لینڈ ریونیو ریوارڈ رولز 2021 کے تحت تقسیم ہونے والے انعامات و ریوراڈ سے بھی شیئر اس پول میں جمع کروایا جائے گا۔

اسی طرح ایف بی آر کی بورڈ ان کونسل کی جانب سے منظور ہونے کے بعد موصول ہونے والی گرانٹ بھی اس کامن پول میں جمع ہوا کرے گی۔ لینڈ ریونیو کامن پول فنڈ سے کی جانیوالی سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والا منافع بھی اسی پول میں جمع ہوگا۔ اس کے علاوہ بھی مختلف ان لینڈ ریونیو سروس چارجز اور فیسوں کی مد میں حاصل ہونے والا ریونیو بھی اسی کامن پول میں جمع ہوگا۔