دنیا کی ممتاز جامعات میں بلوچستان کے نوجوانوں کیلئے اعلیٰ تعلیم کے نئے مواقع
کوئٹہ: (نیوز ڈیسک) حکومت بلوچستان کے اعلامیے کے مطابق بیرون ملک پی ایچ ڈی اسکالرشپس پروگرام کا مقصد صوبے کے باصلاحیت نوجوانوں کو دنیا کی ممتاز جامعات تک رسائی فراہم کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے پروگرام کے اجرا پر اظہار مسرت کرتے ہوئے اسے بلوچستان کے مستقبل کیلئے اہم اقدام قرار دیا۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ نوجوانوں کو دنیا کی بہترین جامعات تک پہنچانے کا سفر شروع ہوچکا ہے اور یہ صوبے کے مستقبل کو بدلنے کی سمت ایک قدم ہے۔ ان کے مطابق بلوچستان کا نوجوان مواقع کی تلاش میں دنیا سے پیچھے نہیں رہے گا اور عالمی جامعات میں تعلیم و تحقیق کے نئے مواقع حاصل کرے گا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ اسکالرشپس نوجوانوں کیلئے علم، امید اور ترقی کے نئے دروازے کھولیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد بلوچستان کے نوجوانوں کو عالمی جامعات تک پہنچا کر علم و تحقیق کے عالمی نقشے پر نمایاں مقام دلانا ہے، جبکہ دہشت گردی کا مقابلہ علم و شعور اور نوجوانوں کو ترقی کے مواقع فراہم کرکے کیا جاسکتا ہے۔