پاکستانی نژاد آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ کو ویرات کوہلی کا تحفہ

image

عثمان خواجہ کو ویرات کوہلی نے اپنی ٹی شرٹ یادگار کے طور پر پیش کردی، سماجی رابطے کی سائٹ پر دونوں کرکٹرز کی ویڈیو وائرل، پہلی اننگز میں آسٹریلوی اوپنر نے 180 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کا اسکور 480 تک پہنچانے میں مدد کی تھی۔

احمد آباد: (ویب ڈیسک) بھارت کے خلاف احمد آباد ٹیسٹ میچ میں سینچری اسکور کرنے والے پاکستانی نژاد آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ کو ویرات کوہلی نے عزت سے نوازا اور اپنی شرٹ ان کو بطور تحفہ دے دی۔ پہلی اننگز میں آسٹریلوی اوپنر نے 180 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کا اسکور 480 تک پہنچانے میں مدد کی تھی جبکہ اس میچ میں کیمرون گرین نے بھی 114 رنز بنائے تھے۔ دوسری اننگز میں اوپنر کو بیٹنگ کیلئے نہیں بھیجا گیا تھا۔

 پاکستانی نژاد آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے بھارت میں تاریخ رقم کرتے ہوئے بطور اوپنر سعید انور اور شاہد آفریدی کے بعد سینچری اسکور کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ واضح رہے کہ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان 4 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں ہندوستان نے 1-2 سے اپنے نام کرلی تھی جبکہ ایک میچ ڈرا ہوا تھا۔ دوسری جانب اسٹیو اسمتھ بھارت کے خلاف ون ڈے سیریز میں آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کی قیادت کریں گے۔ کرکٹ آسٹریلیا نے کہا ہے کہ پیٹ کمنز ون ڈے سیریز کیلئے بھارت واپس نہیں آئیں گے، ان کی غیر موجودگی میں اسٹیو اسمتھ قیادت کریں گے۔ 

آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان ون ڈے میچز 17، 19 اور 22 مارچ کو کھیلے جائیں گے۔ ٹیسٹ سیریز میں زخمی ہونے والے ڈیوڈ وارنر ون ڈے اسکواڈ میں شامل ہو گئے ہیں۔ ڈیوڈ وارنر کہنی میں انجری کے باعث آخری دو ٹیسٹ میچز نہیں کھیل سکے تھے۔ پیٹ کمنز دوسرے ٹیسٹ کے بعد والدہ کی تیمارداری کیلئے آسٹریلیا واپس چلے گئے تھے، ان کی والدہ کا چند روز قبل انتقال ہو گیا تھا۔ واضح رہے کہ دو ٹیسٹ میچز میں اسٹیو اسمتھ نے آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کی قیادت کی تھی۔