زرعی مصنوعات اور معدنیات میں دلچسپی٬ پاک امریکا تجارتی معاہدے میں اہم پیشرفت
اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے امریکی ناظم الامور نٹالی اے بیکر نے ملاقات کی، جس میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت و صنعت رانا احسان افضل خان اور سیکرٹری تجارت جواد پال بھی شریک ہوئے۔ سیکرٹری تجارت نے بتایا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان باہمی تجارتی معاہدے پر مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، تاہم چند تکنیکی شقوں پر امریکی تجارتی نمائندے کے دفتر کے ساتھ مزید بات چیت درکار ہے۔ جام کمال خان نے کہا کہ امریکا کے ساتھ تجارت اور اقتصادی تعلقات کو وسعت دینا پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہے۔
ملاقات میں پاکستانی آم اور بلوچستان کی کھجور کو امریکی منڈی تک رسائی دینے، امریکی معائنہ ٹیموں کے دوروں میں تیزی لانے اور امریکا سے کپاس و سویابین کی درآمدات بڑھانے کے امکانات پر گفتگو ہوئی۔ امریکی وفد نے پاکستانی زرعی مصنوعات کی مارکیٹ تک رسائی کے معاملات پر متعلقہ حکام سے رابطے کی یقین دہانی کرائی، جبکہ جام کمال خان نے امریکی کمپنیوں کو زراعت، فوڈ پروسیسنگ، کولڈ چین اور صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
فریقین نے معدنیات، کان کنی، تکنیکی تعاون، ہنرمند افرادی قوت کی ترقی اور علاقائی تجارتی روابط پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ جام کمال خان نے حب بلوچستان کو صنعتی سرمایہ کاری اور خصوصی اقتصادی زونز کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے امریکی کاروباری اداروں کو 23 سے 26 نومبر تک کراچی میں ہونے والی فوڈ ایگ 2026 نمائش میں شرکت کی دعوت دی۔ دونوں جانب سے تجارت، زراعت، ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے اور تجارتی مذاکرات جاری رکھنے میں دلچسپی ظاہر کی گئی۔
#NationalNews
#20thOct2026
#PakistanUSTrade
#TradeAgreement
#JamKamalKhan
#USInvestment
#AgriculturalExports
#TVN
#News
#TVNUrdu
#TVNNational
#TheViewsNetwork