مریم محمود اور لیلیٰ بنارس نے ایشین فٹبال ایوارڈز میں نمایاں اعزازات جیت لیے

image


لندن: (اسپورٹس ڈیسک) ایشین فٹبال ایوارڈز کی چھٹی تقریب میں برطانیہ میں فٹبال کے شعبے میں برٹش ساؤتھ ایشین کمیونٹی کیلئے نمایاں خدمات انجام دینے والے افراد اور اداروں کو اعزازات دیے گئے۔ پاکستانی فارورڈ مریم محمود نے ویمنز پلیئر آف دی ایئر کا ایوارڈ حاصل کیا جبکہ لیلیٰ بنارس کو ویمنز ینگ پلیئر کا اعزاز دیا گیا۔

مریم محمود انگلش کلب ریکسہم کی نمائندگی کرتی ہیں اور گزشتہ سال انڈونیشیا میں اے ایف سی ویمنز ایشین کپ کوالیفائرز کے دوران پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرچکی ہیں۔ لیلیٰ بنارس مڈفیلڈر کی حیثیت سے لیوس کلب کیلئے کھیلتی ہیں، وہ 2006ء میں برمنگھم میں پیدا ہوئیں جبکہ ان کے والد پاکستانی ہیں۔

پاکستانی نژاد زیدان اقبال نے بھی مینز پلیئر کا ایوارڈ حاصل کیا۔ زیدان اقبال نے 2021ء میں مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے ینگ بوائز کے خلاف چیمپئنز لیگ میچ میں متبادل کھلاڑی کی حیثیت سے میدان میں اتر کر نمایاں مقام بنایا، جبکہ وہ اب ڈنڈی یونائیٹڈ کی نمائندگی کرتے ہیں اور 2026ء ورلڈ کپ میں عراق کی جانب سے بھی کھیل چکے ہیں۔