ایشیاء کپ کا بڑا ایشو بنا دیا گیا ہے: وہاب ریاض

image

ایشیاء کپ کیلئے ہائبرڈ ماڈل پر عمل ہونے میں کوئی برائی نہیں، نیوٹرل مقام پر بھی میچز سے گرین شرٹس کو ورلڈ کپ کی تیاری میں مدد ملے گی، میدان میں پرفارمنس کے ساتھ ڈیٹا بیس معاملات سے زیادہ واضح تصویر سامنے آ سکتی ہے۔

لاہور: (اسپورٹس ڈیسک) لاہور میں ڈپٹی کمشنر رافیعہ حیدر اور ڈی جی اسپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وہاب ریاض نے کہا کہ ایشیاء کپ کا بڑا ایشو بنا دیا گیا ہے، پاکستان میں میچز ہونے چاہئیں یہ اچھی چیز ہے۔ پاکستان میں سب بڑی ٹیمیں آ چکی ہیں، ہائبرڈ ماڈل کے تحت ایشیاء کپ ہو جائے تو اچھی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی نے ایشیاء کپ کیلئے جو ہائبرڈ ماڈل تجویز کیا ہے موجودہ حالات میں اس سے بہتر کوئی آپشن نہیں، پاکستانی ٹیم کو ہوم گراؤنڈ پر بھی ون ڈے میچز درکار ہیں، نیوٹرل مقام پر بھی میچز سے گرین شرٹس کو ورلڈ کپ کی تیاری میں مدد ملے گی۔ 

صوبائی وزیرِ کھیل نے سابق ٹیسٹ کرکٹرز کو فارغ کرکے ڈیٹا بیس سلیکشن کمیٹی پر ملا جلا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میدان میں پرفارمنس کے ساتھ ڈیٹا بیس معاملات سے زیادہ واضح تصویر سامنے آ سکتی ہے۔ مگر ابھی اس پر مزید کچھ نہیں کہا جاسکتا، اس پر کامیابی کیلئے نئی سلیکشن کمیٹی کیلئے نیک خواہشات ہیں۔ واضح رہے کہ ایشیاءکپ کے حوالے سے بھارت نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ہائبرڈ ماڈل کو تسلیم کرنے کیلئے رضامندی ظاہر کرتے ہوئے شرط رکھی ہے کہ پاکستان کی ٹیم ہندوستان میں شیڈول ورلڈکپ کھیلنے کیلئے تحریری یقین دہانی کرانی ہوگی۔ ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت ایشیاءکپ کے مقابلے نیوٹرل وینیو پر کھیلے گا تاہم میزبان ملک سری لنکا یا متحدہ عرب امارات ہوسکتے ہیں۔ 

مزید برآں مشیرِ کھیل پنجاب وہاب ریاض نے کہا ہے کہ خواتین کیلئے لاہور میں 7 سے 10 جون تک پنک گیمز کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ وہاب ریاض نے کہا کہ پنک گیمز کا مقصد خواتین کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنا ہے، اس میں 50 لاکھ کے انعامات رکھے گئے ہیں، ڈپٹی کمشنر رافیعہ حیدر گیمز کی ایمبیسیڈر ہوں گی۔ اس موقع پر رافیعہ حیدر نے کہا کہ پہلی مرتبہ ویمنز گیمز کا انعقاد کر رہے ہیں، پہلے مرحلے میں لاہور ڈویژن میں مقابلے ہوں گے، نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس میں 700 ایتھلیٹس شریک ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ 4 روز تک 7 مختلف کھیلوں کے مقابلے ہوں گے، یونیورسٹی کی سطح کی کھلاڑی ان گیمز میں حصہ لیں گی۔