ریفائن اناج کا زیادہ استعمال صحت کے لیے خطرناک قرار
اوٹاوا: (ویب ڈیسک) کینیڈا کی میک ماسٹر یونیورسٹی کی تحقیق میں 21 ممالک کے ایک لاکھ 37 ہزار سے زائد افراد کا تقریباً 9 سال جائزہ لیا گیا۔ نتائج میں ریفائن اناج استعمال کرنے والوں میں سالم اناج استعمال کرنے والوں کے مقابلے میں دل کے دورے اور فالج کا خطرہ زیادہ دیکھا گیا۔
تحقیق کے مطابق سفید ڈبل روٹی، بیکری مصنوعات، پیسٹری اور دیگر صاف شدہ اناج سے بنی غذاؤں میں اناج کی بھوسی اور دیگر غذائی اجزا کم ہوجاتے ہیں۔ روزانہ ریفائن اناج کی 7 سے زائد سرونگ لینے والوں میں قبل از وقت موت کا خطرہ 27 فیصد، امراض قلب کا خطرہ 33 فیصد اور فالج کا خطرہ 47 فیصد زیادہ پایا گیا۔
ماہرین نے سفید ڈبل روٹی اور دیگر ریفائن کاربوہائیڈریٹس کی مقدار محدود کرنے اور براؤن رائس، جو اور دیگر مکمل اناج کو خوراک کا حصہ بنانے کا مشورہ دیا ہے۔ متوازن غذا میں سبزیوں اور دیگر غذائیت سے بھرپور غذاؤں کو بھی ترجیح دینا بہتر قرار دیا گیا ہے۔