اے آئی چیٹ بوٹس کے ساتھ حساس معلومات ہرگز شیئر نہ کریں

image


اسلام آباد: (ٹیکنالوجی ڈیسک) ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی، جیمنائی اور کلاؤڈ جیسے اے آئی چیٹ بوٹس پر اپنی ذاتی اور حساس معلومات ہرگز شیئر نہ کریں۔ ماہرین کے مطابق اے آئی چیٹ بوٹس سے گفتگو کا انداز اگرچہ ذاتی اور نجی محسوس ہوتا ہے، لیکن صارفین کو یہ سمجھنا چاہیئے کہ ان کی جانب سے فراہم کی جانے والی معلومات پلیٹ فارم کی پالیسی کے تحت محفوظ یا پراسیس کی جا سکتی ہیں۔ ماہرین نے خاص طور پر 5 اقسام کی معلومات چیٹ بوٹس کو فراہم نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

 1- ذاتی معلومات: پورا نام، گھر کا پتہ، فون نمبر، شناختی کارڈ یا پاسپورٹ نمبر۔ ریزیومے ایڈٹ کرواتے وقت بھی یہ معلومات پہلے سے ہٹا دیں۔
2- انتہائی نجی باتیں: گھر اور خاندان کے وہ راز جو آپ کسی انجان سے شیئر نہیں کرتے۔
3- طبی ریکارڈ: بیماری یا علاج سے متعلق تفصیلات۔ اگر مشورہ لینا ہے تو اپنا نام نہ بتائیں۔
4- دفتری راز: کمپنی کی رپورٹس، کلائنٹ کا ڈیٹا، سورس کوڈ یا کوئی کاروباری راز اپ لوڈ نہ کریں۔
5- مالیاتی ڈیٹا: بینک اکاؤنٹ، کریڈٹ کارڈ، تنخواہ کی سلپ یا ٹیکس ریٹرن۔ ان کے لیک ہونے سے فراڈ کا خطرہ ہے۔

اگر معلومات پہلے سے شیئر کی جا چکی ہیں تو ماہرین نے ان کا حل بھی بتایا ہے۔ غلطی سے شیئر کیا گئی چیٹ اور چیٹ ہسٹری فوراً ڈیلیٹ کر دیں۔ ساتھ ہی پلیٹ فارم کی پرائیویسی اور ڈیٹا کنٹرول سیٹنگز کا بھی جائزہ لینا چاہیئے۔ واضح رہے کہ ڈیلیٹ کرنے سے ڈیٹا کمپنی کے سرور سے فوراً ختم نہیں ہوتا۔ ڈیٹا کتنی دیر رکھا جائے گا یہ کمپنی کی پالیسی پر منحصر ہے۔