ایجبسٹن میں رضا اللہ کا یادگار ڈیبیو

image


کراچی: (اسپورٹس ڈیسک) مردان سے تعلق رکھنے والے 21 سالہ نوجوان آل راؤنڈر رضا اللہ نے انگلینڈ کے خلاف ایجبسٹن ٹیسٹ میں ڈیبیو کرتے ہی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا، اگرچہ پاکستان میچ میں فتح حاصل نہ کر سکا۔ بطور فاسٹ بولر ٹیم میں شامل ہونے والے رضا اللہ نے اپنے پہلے ہی اوور میں انگلینڈ کے کپتان جو روٹ کو آؤٹ کرکے شاندار آغاز کیا اور بعد ازاں بیٹنگ میں بھی غیر معمولی کارکردگی دکھائی۔ ان کی ریکارڈ ساز اننگ نے پاکستان کو اننگ کی شکست سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا اور یہ ثابت کر دیا کہ وہ مستقبل میں ایک مکمل آل راؤنڈر کے طور پر قومی ٹیم کیلئے قیمتی اثاثہ بن سکتے ہیں۔

رضا اللہ کی شاندار کارکردگی نے انہیں اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میں شائقین کا پسندیدہ کھلاڑی بنا دیا، ایجبسٹن میں میچ کے بعد مداحوں نے انہیں گھیر لیا اور ان کے ساتھ سیلفیاں بنائیں جبکہ آٹوگراف لینے والوں کا بھی تانتا بندھا رہا۔ ٹیم بس کی جانب جاتے ہوئے بھی نوجوان کرکٹر کو مداحوں نے گھیر لیا، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ان کی کارکردگی نے مختصر وقت میں لوگوں کے دلوں میں خاص جگہ بنا لی ہے۔ ان کی بیٹنگ سے سابق انگلش کپتان اور ورلڈ کپ فاتح مورگن بھی متاثر ہوئے، جنہوں نے کہا کہ پاکستان سے میدان میں ایسی ہی لڑائی کی توقع کی جاتی ہے اور رضا اللہ مستقبل میں ایک اچھے آل راؤنڈر بن سکتے ہیں۔

سابق قومی کپتان شاہد آفریدی نے بھی رضا اللہ کی آل راؤنڈ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ڈیبیو میں نمایاں فرق پیدا کیا اور عزم و حوصلے سے اپنی صلاحیت ثابت کی۔ سابق اسپنر سعید اجمل اور سابق کپتان و آل راؤنڈر محمد حفیظ نے بھی نوجوان کھلاڑی کو شاندار ڈیبیو پر خراجِ تحسین پیش کیا، یوں رضا اللہ کا پہلا ٹیسٹ صرف ایک یادگار میچ ہی نہیں بلکہ قومی کرکٹ کے لیے امید کی ایک نئی کرن بن گیا۔