ون ڈے بیٹرز کی رینکنگ میں قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کی ایک درجہ ترقی
دبئی: (سپورٹس ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے ون ڈے اور ٹی 20 فارمیٹس کی نئی پلیئرز رینکنگ جاری کر دی گئی ہے۔ نئی رینکنگ میں متعدد پاکستانی کھلاڑیوں نے نمایاں ترقی حاصل کرتے ہوئے عالمی سطح پر اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی ہے۔ نئی رینکنگ کے بعد ون ڈے بیٹنگ کیٹگری میں قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم ایک درجہ ترقی کے بعد چھٹے نمبر پر آ گئے، جبکہ سلمان علی آغا دو درجے بہتری کے ساتھ 16ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔
نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ بھارتی کپتان صرف ایک ریٹنگ پوائنٹ کے فرق سے دوسرے نمبر پر ہیں۔ ون ڈے باؤلرز کی رینکنگ میں ابرار احمد نے اپنی دوسری پوزیشن برقرار رکھی، جبکہ قومی کپتان شاہین شاہ آفریدی دو درجے ترقی کے بعد ساتویں نمبر پر آ گئے۔ فاسٹ باؤلر حارث رؤف بھی دو درجے ترقی کے ساتھ ٹاپ 20 باؤلرز میں شامل ہو گئے ہیں۔
ٹی 20 باؤلرز کی رینکنگ میں بھی ابرار احمد دوسرے نمبر پر برقرار ہیں، جبکہ افغانستان کے راشد خان پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں۔ قومی اسپنر محمد نواز دسویں اور سلمان مرزا سولہویں نمبر پر موجود ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی ایک درجہ بہتری کے ساتھ پہلی بار ٹاپ 20 آل راؤنڈرز میں شامل ہو گئے ہیں۔