لاہور میں سموگ کے ساتھ وائرل بیماریوں کا پھیلاؤ تیز
لاہور: (ویب ڈیسک) شہر میں سموگ کی شدت بڑھنے کے ساتھ مختلف موسمی اور وائرل بیماریوں نے بھی شہریوں کو متاثر کرنا شروع کردیا ہے۔ کورونا کے مختلف ویرینٹس اور انفلوئنزا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث بخار، کھانسی، نزلہ، گلے میں درد اور جسمانی درد کی شکایات میں اضافہ ہورہا ہے۔ ذرائع کے مطابق لاہور کے چھ بڑے سرکاری ہسپتالوں میں گزشتہ سات روز کے دوران فلو، کورونا اور انفلوئنزا جیسی علامات کے ساتھ 35 ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میو ہسپتال میں 11 ہزار سے زائد مریض فلو، کورونا اور انفلوئنزا جیسی علامات کے ساتھ سامنے آئے، جبکہ سروسز ہسپتال میں 9 ہزار 800 سے زائد اور جناح ہسپتال میں ایک ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ جنرل ہسپتال، گنگارام ہسپتال اور چلڈرن ہسپتال میں بھی ہزاروں افراد فلو جیسی علامات کے باعث علاج کے لیے پہنچے۔ ریپڈ ٹیسٹنگ کے دوران کورونا کے مثبت کیسز سامنے آنے کا بھی انکشاف ہوا ہے، جس سے صحت کے حوالے سے تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔
سروسز ہسپتال کے شعبہ ناک، کان و گلا (ای این ٹی) کے سربراہ پروفیسر شہباز غوری کے مطابق کورونا کے مختلف ویرینٹس پہلے کے مقابلے میں کم شدت والے ہوسکتے ہیں، تاہم ان کی علامات کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا ہے کہ کورونا، فلو اور سموگ سانس کی بیماریوں سے ملتی جلتی علامات پیدا کرسکتے ہیں، اس لیے خود تشخیص اور علاج کے بجائے مستند ڈاکٹر سے رجوع کیا جائے۔ شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز، ماسک کے استعمال اور صفائی کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
#HealthNews
#2ndNov2026
#LahoreSmog
#Coronavirus
#Influenza
#ViralInfections
#PublicHealth
#HealthLahore
#TVN
#News
#TVNUrdu
#TVNHealth
#TheViewsNetwork