فرانسیسی سفارتکاروں کا طرز عمل قابل قبول نہیں: ایرانی وزیرِ خارجہ
تہران: (ویب ڈیسک) ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے فرانسیسی ہم منصب ژاں نوئل بارو سے ٹیلیفونک گفتگو میں تہران میں تعینات دو فرانسیسی سفارتکاروں کے رویّے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سفارتی عملے کو میزبان ملک کے قوانین اور بین الاقوامی سفارتی اصولوں کی مکمل پاسداری کرنی چاہیے۔ انہوں نے متعلقہ سفارتکاروں کے طرزِ عمل کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے باضابطہ احتجاج بھی ریکارڈ کرایا۔
ادھر فرانس نے دعویٰ کیا ہے کہ تہران میں اس کے سفارت خانے کے دو اہلکاروں کو کئی گھنٹوں تک حراست میں رکھا گیا۔ فرانسیسی وزیرِ خارجہ ژاں نوئل بارو کے مطابق ان میں سے ایک سفارتکار کے ساتھ ایرانی سیکیورٹی اہلکاروں نے نامناسب سلوک بھی کیا۔ ان کے بقول یہ اقدام سفارتی استثنیٰ اور بین الاقوامی قوانین کی واضح خلاف ورزی ہے۔
فرانسیسی حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ دونوں سفارتکار ایران میں ثقافتی اور علمی روابط کو فروغ دینے کی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔ دوسری جانب ایران کا مؤقف ہے کہ غیر ملکی سفارتی مشنز کے تمام اہلکاروں کو میزبان ملک کے ضوابط اور سفارتی آداب کی پابندی کرنا لازم ہے۔ اس معاملے پر دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے مؤقف پر اعتراضات اٹھائے ہیں، جس سے سفارتی کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔