پاکستان اے آئی ٹیکنالوجی میں صفِ اول بننے کی جانب گامزن ہے، شہباز شریف
اسلام آباد: (ٹیکنالوجی ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان جدید ٹیکنالوجی میں صفِ اول کی قوم بننے کی جانب گامزن ہے، انڈس روبوٹکس اینڈ آٹونومس سسٹمز ایکسپو 2026ء پاکستان کو 21ویں صدی کی جدید ٹیکنالوجی میں صفِ اول کا ملک بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔ انڈس روبوٹکس اینڈ آٹونومس سسٹمز ایکسپو 2026 سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ روبوٹکس، مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور ڈرون ٹیکنالوجی معیشت کو مضبوط، قومی سلامتی کو مؤثر اور عوام کی زندگی کو مزید آسان بنائیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جو ٹیکنالوجی کبھی خواب تھی، آج حقیقت بن چکی ہے اور مشینیں خود فیصلے کرنے اور ان پر عملدرآمد کی صلاحیت رکھتی ہیں، پاکستان نے ڈرونز کی 60 فیصد سے زائد مقامی تیاری حاصل کر لی ہے جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے جدید ٹیکنالوجی کو مؤثر انداز میں اپنایا اور معرکۂ حق کے دوران آٹونومس سسٹمز اور سائبر سیکیورٹی کے ذریعے سرحدوں کا کامیاب دفاع کیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان نے ڈیجیٹل تبدیلی کی واضح سمت اختیار کی ہے اور ملک روبوٹکس اور مصنوعی ذہانت کی مکمل ویلیو چین کا مالک بننے کی جانب بڑھ رہا ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ حکومت ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، ڈیجیٹل مہارتوں اور جدید ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری کر رہی ہے، جس کے نتیجے میں آئی ٹی برآمدات میں تقریباً 21 فیصد اضافہ ہوا ہے۔