ترکیہ کا ایف 16 لڑاکا طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ محفوظ
استنبول: (ویب ڈیسک) ترکیہ کا ایف 16 لڑاکا طیارہ شمال مغربی صوبے یالووا میں تربیتی مشن کے دوران حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہوگیا، تاہم پائلٹ بروقت ایجیکٹ کرنے میں کامیاب رہا اور محفوظ رہا ہے۔ ترک وزارتِ دفاع کے مطابق طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا کہ اچانک فنی خرابی یا کسی نامعلوم وجہ کے باعث حادثے کا شکار ہوگیا۔ حادثے کے دوران پائلٹ نے ہنگامی طریقہ کار اختیار کرتے ہوئے خود کو طیارے سے الگ کرلیا، جس کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
ترک حکام کے مطابق حادثے کی فوری وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی، جبکہ واقعے کی باقاعدہ تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ متعلقہ ادارے طیارے کے ملبے، پرواز کے ریکارڈ اور ممکنہ فنی خرابیوں سمیت دیگر شواہد کا جائزہ لے رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران حادثے سے پہلے طیارے کی پرواز اور اس میں پیدا ہونے والی ممکنہ خرابیوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
ترکیہ کی وزارتِ دفاع کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ایف 16 طیارے کے حادثے کی اصل وجوہات واضح ہونے کی توقع ہے۔ حکام حادثے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ضروری اقدامات کیے جاسکیں۔ واقعے میں پائلٹ کے محفوظ رہنے کو اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے، جبکہ طیارے کے نقصان کا مکمل تخمینہ بھی تحقیقات کے بعد سامنے آئے گا۔