خطرے کے باوجود ٹرمپ کابینہ کے دو اہم ارکان ائیر فورس ون طیارے میں سوار رہے
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی میڈیا کے مطابق نیٹو سربراہی اجلاس سے واپسی پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ممکنہ ایرانی خطرے کے پیش نظر خفیہ طور پر اپنا طیارہ تبدیل کیا۔ بی بی سی کے پارٹنر ادارے سی بی ایس نیوز کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ کی کابینہ کے دو ارکان اس دوران ایئر فورس ون کے کال سائن والے جہاز میں موجود تھے۔ ٹرمپ نے منگل کو صحافیوں سے گفتگو میں طیارہ تبدیل کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیکریٹ سروس اور فوج کی ہدایات پر عمل کرتے ہیں۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ ابتدا میں ٹی وی کیمروں کے سامنے ایئر فورس ون میں سوار ہوئے۔ بعد ازاں انہیں خاموشی سے ہوائی اڈے پر موجود ایک کیٹرنگ ٹرک کے ذریعے ایک فوجی طیارے تک پہنچایا گیا۔ ٹرمپ نے بتایا تھا کہ سیکریٹ سروس اور فوج چاہتی تھی کہ وہ دوسری پرواز اور مختلف طیارے میں سفر کریں۔
ٹرمپ کی خفیہ طریقے سے دوسرے طیارے میں منتقلی سے ایئر فورس ون میں موجود صحافی بھی لاعلم رہے۔ وائٹ ہاؤس کے بعض عملے کے ارکان کو بھی صدر کی طیارہ تبدیلی کا علم نہیں تھا۔ سی بی ایس نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایئر فورس ون کے کال سائن والے جہاز پر ٹرمپ کی کابینہ کے دو ارکان موجود تھے۔