ایران کا امریکا پر غلط انٹیلی جنس کی بنیاد پر فیصلوں کا الزام
تہران: (ویب ڈیسک) عراقچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ امریکا طویل عرصے سے ناقص انٹیلی جنس کے باعث غلط اندازے اور فیصلے کرتا آ رہا ہے۔ ان کے مطابق ایران کے خلاف جنگ کے معاملے میں بھی واشنگٹن کے اندازے درست ثابت نہیں ہوئے۔ ایرانی وزیرِ خارجہ نے خبردار کیا کہ اب امریکا آبنائے ہرمز کے معاملے میں اس سے بھی بڑی غلطی کر رہا ہے۔
عباس عراقچی نے کہا کہ جعلی خبروں سے زیادہ خطرناک جعلی انٹیلی جنس ہوتی ہے، اس لیے ایسے معاملات میں محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ آبنائے ہرمز سے متعلق غلط معلومات یا غلط اندازوں پر مبنی فیصلے خطے کی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا سکتے ہیں۔ اپنے پیغام کے اختتام پر انہوں نے اللہ پر بھروسا ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اللہ زمین پر موجود ہر طاقت سے بڑا ہے۔
آبنائے ہرمز خلیج فارس اور خلیج عمان کے درمیان واقع ایک انتہائی اہم بحری گزرگاہ ہے۔ عالمی توانائی کی ترسیل میں اس کی اہمیت کے باعث خطے میں کشیدگی کے دوران اس سے متعلق ایران اور امریکا کے بیانات کو خصوصی اہمیت حاصل ہوتی ہے۔ موجودہ صورتحال میں تہران کی جانب سے آبنائے ہرمز کے حوالے سے امریکی اندازوں پر اعتراض خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کی ایک اہم علامت سمجھا جا رہا ہے۔