ایران نے فوجی حکمتِ عملی کو مزید جارحانہ بنانے کا عندیہ دے دیا

image


تہران: (ویب ڈیسک) ایران نے اپنی فوجی حکمتِ عملی میں جارحانہ صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کا عندیہ دے دیا ہے۔ پاسداران انقلاب کے سینئر مشیر بریگیڈیئر جنرل رضا نقدی کے مطابق نئے دفاعی ڈاکٹرائن کے تحت اب فوج کو ایسی صلاحیتیں دینے پر کام کیا جا رہا ہے جس سے ضرورت پڑنے پر صرف ملک کے اندر ہی نہیں بلکہ دشمن کے علاقے تک بھی کارروائی کی جا سکے۔ مقصد یہ ہے کہ مخالف کو اس کی اپنی سرزمین پر بھی جواب دیا جا سکے۔

انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ پاسداران انقلاب کی طاقت کو اس حد تک بڑھایا جا رہا ہے۔ اگر کوئی جنگ ہو تو جواب صرف ایران کی سرحدوں تک محدود نہ رہے۔ جنرل نقدی نے کسی ملک کا نام لئے بغیر کہا کہ ایران کی دفاعی حکمتِ عملی میں یہ صلاحیت اہم حیثیت رکھتی ہے۔ 

پاسداران انقلاب کو اس حوالے سے مکمل تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ جنرل نقدی نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ امریکہ کا دفاعی بجٹ ایران سے تقریباً 100 گنا بڑا ہے۔ باوجود اس کے حالیہ کشیدگی میں مخالف کے تمام 14 اہداف ناکام رہے۔