سونے کے بھاؤ میں کمی
کراچی: (اکانومی ڈیسک) سونے اور چاندی کی عالمی و مقامی مارکیٹوں میں 7 روز سے جاری قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جمعرات کو رک گیا ہے اور دونوں قیمتی دھاتوں کے نرخ کم ہوگئے ہیں۔ بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 35 ڈالر گھٹ کر 4 ہزار 380 ڈالر کی سطح پر آ گئی ہے۔ اس کمی کے اثرات مقامی صرافہ مارکیٹوں پر بھی پڑے، جہاں فی تولہ سونا 3 ہزار 500 روپے سستا ہو کر 4 لاکھ 60 ہزار 436 روپے کا ہوگیا ہے۔
مقامی مارکیٹ میں فی 10 گرام سونے کی قیمت بھی 3 ہزار ایک روپے کم ہو کر 3 لاکھ 94 ہزار 749 روپے کی سطح پر آ گئی ہے۔ دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں فی اونس چاندی کی قیمت 1 ڈالر 75 سینٹس کی کمی کے بعد 64 ڈالر 57 سینٹس ہوگئی ہے۔ عالمی قیمت میں کمی کے نتیجے میں مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی چاندی کے نرخ نیچے آ گئے ہیں۔
مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ چاندی کی قیمت 175 روپے کی کمی سے 6 ہزار 936 روپے کی سطح پر آ گئی ہے۔ اسی طرح فی 10 گرام چاندی بھی 150 روپے سستی ہو کر 5 ہزار 946 روپے کی سطح پر آ گئی ہے۔ یوں جمعرات کو سونے اور چاندی دونوں کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔