کے پی حکومت نے ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن پالیسی جاری کر دی
پشاور: (نیوز ڈیسک) خیبرپختونخوا حکومت نے پاکستان کی پہلی صوبائی ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن پالیسی جاری کر دی ہے۔ یہ پالیسی وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں ایک تقریب کے دوران متعارف کرائی گئی اور اسے جرمن حکومت کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔ پالیسی کا مقصد صوبے کو سیلاب، زلزلے اور موسمیاتی تبدیلیوں جیسے خطرات سے بہتر طریقے سے نمٹنے کے قابل بنانا ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اب حکمت عملی صرف آفت کے بعد امداد اور بحالی تک محدود نہیں رہے گی۔ اس کے بجائے پیشگی تیاری، بروقت وارننگ اور خطرات کم کرنے پر کام ہوگا۔ جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں میں قدرتی خطرات کو شروع سے شامل کیا جائے گا۔
تقریب میں جرمن سفارتخانے کی ڈاکٹر میریم نے بھی پالیسی کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پالیسی تمام اداروں کو ایک مشترکہ فریم ورک دے گی۔ پالیسی کی کامیابی اس کے اچھے نفاذ پر ہے اور جرمنی اس میں کے پی حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔