پاکستان کی پہلی نیشنل یوتھ پالیسی کا اعلان کردیا گیا

image


اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کی پہلی نیشنل یوتھ پالیسی کا اعلان کردیا٬ انہوں نے یہ اعلان نوجوانوں کے عالمی دن پر اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں یہ اعلان کرنا چاہتا ہوں کہ بجٹ میں تعلیم کے لیے خاطر خواہ رقومات رکھی ہیں، پورے پاکستان سے گزشتہ سال ایک سال طلبا میرٹ پر چین بھیجے سرکاری خرچ پر، تاکہ وہ زراعت کی جدید تعلیم حاصل کریں، اب ہم ایک ہزار بچوں کو سرکاری خرچ پر آئی ٹی اور اے آئی کی تعلیم کے لیے چین بھجوائیں گے۔ ایچی سن کالج میں غریب کا بچہ قدم بھی نہیں رکھ سکتا اسی لیے ایچی سن کالج کے مقابل دانش اسکول قائم کیے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی اگلے سال معرض وجود میں آنے والی ہے، اگلے سال کلاسز شروع بھی ہوجائیں گی، اس میں ٹیکنیکل تعلیم ہوگی اور جدید و تکنیکی علوم پر زیادہ فوکس ہوگا، وہاں پر بھی میرٹ پر داخلہ ہوگا پیسوں ہوں یا نہ ہوں، بہترین تعلیم ملے گی۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اس تضاد کی وجہ سے ہم تعلیم کے میدان میں پیچھے رہ گئے، معاشرے میں مساوی مواقع موجود ہونا چاہیے اگر امیر و غریب کے بچوں کو مساوی تعلیم نہ ملے تو پھر یہ قائد اعظم کا پاکستان نہیں ہے، پنجاب بھر میں دانش اسکول کا جال پھیلایا اب جی بی، آزاد کشمیر اور بلوچستان میں بن رہے ہیں جہاں مفت تعلیم ملے گی اور معیار ایچی سچ کالج سے کم نہیں ہوگا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج تک ہم نے سات لاکھ بچوں میں میرٹ پر لیپ ٹاپ تقسیم کیے، ایک بھی سفارش پر نہیں دیا، اس سال پورے ملک کے مزید ڈھائی لاکھ بچوں کو کروم بکس دی جائیں گی، اس میں پرائیویٹ اسکول کے بچوں کو شامل نہیں کیا گیا، ہمیں لیپ ٹاپ رشوت کے طور پر دینے کا طعنہ دیا گیا، کیا اس لیپ ٹاپ نے بچوں کو عزت سے روزگار کمانے اور جدید دنیا میں داخلے کا موقع نہیں دیا؟ میں لیپ ٹاپ کو مشین نہیں مشن جانتا ہوں اور اسے مزید آگے بڑھاؤں گا، 1947ء میں پاکستان ہمارے بزرگوں نے بنایا مگر 2047ء کا پاکستان نوجوان اپنی مرضی سے بنائیں گے۔