مکہ معاہدہ تینوں ممالک کا جرات مندانہ اقدام ہے: ٹرمپ

image


واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان ہونے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو اہم اور جرأت مندانہ قدم قرار دیا۔ ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اس معاہدے سے تینوں ممالک اپنے دفاع کے لیے ایک دوسرے کا زیادہ مؤثر انداز میں ساتھ دے سکیں گے۔ ٹرمپ نے تینوں ممالک کی قیادت کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ مشرقِ وسطیٰ میں اتحاد اور باہمی تعاون کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے 7 اگست 2026 کو مکہ مکرمہ میں مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ معاہدے کے تحت تینوں ممالک میں سے کسی ایک پر مسلح حملے کو تینوں پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ امریکی صدر کے مطابق مشترکہ دفاعی معاہدے سے خطے کے دیگر ممالک کے درمیان بھی تعاون میں اضافہ ہوگا۔

روئٹرز کے مطابق ترکیہ نے 13 اگست کو معاہدے کے عملی خدوخال سے متعلق اہم تفصیلات جاری کیں۔ ان میں اعلیٰ سطح کے سیاسی و عسکری رابطہ نظام کے قیام، وزرائے خارجہ و دفاع اور مسلح افواج کے سربراہوں کے درمیان باقاعدہ رابطوں اور مشترکہ فوجی مشقوں کا انعقاد شامل ہے۔ معاہدے کے تحت بری، بحری، فضائی اور سائبر شعبوں کے علاوہ بغیر پائلٹ نظام، الیکٹرونک وارفیئر، مصنوعی ذہانت اور دفاعی صنعت میں مشترکہ تحقیق کے شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے گا۔