وسطی افریقی جمہوریہ میں سونے کی کان بیٹھ گئی
بانگوئی: (ویب ڈیسک) وسطی افریقی جمہوریہ کے مغربی علاقے زامبوئی میں کیمرون کی سرحد کے قریب سونے کی ایک کان بیٹھنے سے 107 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب کان کا ایک بڑا حصہ اچانک وہاں موجود افراد پر آ گرا۔ مقامی حکام کے مطابق متعدد افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہو سکتے ہیں۔
کیمرون کے سرحدی قصبے گاروآ بولائی کے میئر آدمو عبدون کے مطابق اب تک ملبے سے 107 لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔ حادثے کی ویڈیوز میں کان کے مقام پر ایک بڑی ڈھلوان کو اچانک لوگوں کے ہجوم پر گرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ایک چشم دید مزدور کے مطابق زمین مکمل طور پر دھنس گئی تھی جس کے باعث متعدد افراد اس کے نیچے دب گئے۔
کیمرون کے مشرقی خطے کے گورنر گریگوری ایمونگو نے بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں کم از کم 3 افراد کیمرون کے شہری ہیں۔ ان کی لاشیں تدفین کیلئے آبائی علاقوں میں منتقل کی جا رہی ہیں جبکہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ مقامی حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کیلئے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔